صاحبزادہ فرحان کو سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کپتان برقرار رکھنے کی تجویز

ایشین گیمز میں پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کرنے والے اوپنر صاحبزادہ فرحان کو سری لنکا کے خلاف شیڈول ہوم سیریز میں بھی کپتان برقرار رکھنے کی تجویز زیر غور ہے۔

نجی ٹی وی چینل ’جیو نیوز‘ کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں سلمان علی آغا کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو قیادت سونپنے کے حق میں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف تین میچز پر مشتمل سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو آزمانے کا امکان ہے، جبکہ مستقبل کی ٹیم تشکیل دینے کے لیے نئے ٹیلنٹ کو مواقع دینے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق 2028 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کا ایک وسیع پول تیار کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ اس حکمت عملی کے تحت فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی سری لنکا کے خلاف سیریز میں واپسی کے امکانات نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔