ساہیوال آرٹس کونسل اور بارانی انسٹیٹیوٹ آف سائنسز کے باھمی اشتراک سے معرکہ حق “بنیان مرصوص” میں پاک افواج کی شاندار کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرنے کی تقریب کا انعقاد

ساہیوال (پاک لینز) ساہیوال آرٹس کونسل اور بارانی انسٹیٹیوٹ آف سائنسز کے باہمی اشتراک سے جناح ہال میں معرکہ حق“بنیان المرصوص”میں مسلح افواج کی بے مثال کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ایئر وائس مارشل (ر) ساجد حبیب، ہلالِ امتیاز و ستارہ امتیاز تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر بارانی انسٹیٹیوٹ آف سائنسز ساہیوال میاں محمد ساجد، کمانڈنگ پنجاب پریزن ٹریننگ سٹاف کالج ملک شوکت فیروز اعوان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال محمد عثمان ٹیپو، ایڈیشنل کمشنر ہیڈکوارٹر ایف بی آر عمر زیب خان، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی، پرنسپل کنکورڈیا عرفان الٰہی، ڈاکٹر محمد عدنان خان، ساہیوال کلب کر سابق سیکرٹری میاں انجم حبیب اور سابق ڈائیریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی سمیت طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ تقریب کے شرکا کو معرکہ حق کی کامیابیوں کی ڈاکومنٹری بھی دیکھائی گئی۔ ایئر وائس مارشل (ر) ساجد حبیب، ہلالِ امتیاز و ستارہ امتیاز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ سوشل میڈیا پر دشمن کے پراپیگنڈے اور فیک نیوز پر کان نہ دھریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں دشمن آپکا ہمدرد بن کر کے جو پراپیگنڈا کرتا ہے وہ بہت خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے پہلگام واقعے کا ڈرامہ رچا کر پاکستان پر الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں افواج پاکستان نے پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو بھرپور طریقے سے جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام مسلح افواج ہمہ وقت سرحدوں پر اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں اس لئے ہمیشہ ملک بارے سوچیں اور قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریہ پر چلیں اور ملک و قوم کی خدمت کریں۔