ساہیوال میں مبینہ پولیس مقابلے میں اغواء ،ریپ اور قتل کے 3 ملزمان مارے گئے

ساہیوال۔ پولیس تھانہ غلہ منڈی کے ایس ایچ او صمیم الرحمن کی سربراہی میں، ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو کی نگرانی میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ریپ اور قتل کے مقدمے میں مطلوب خطرناک ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا، جس دوران پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان 14 سالہ حسن قادر کے اغوا، مبینہ زیادتی اور قتل کے مقدمے میں مطلوب تھے۔ مقتول کی لاش چند روز قبل ہڑپہ کے علاقے میں کھیتوں سے ملی تھی، جبکہ ملزمان پر الزام ہے کہ واردات کے بعد انہوں نے مقتول کا گلہ کاٹ کر لاش کھیتوں میں پھینک دی تھی۔

پولیس کے مطابق مقابلے کے دوران ملزمان کی جانب سے شدید فائرنگ کی گئی، جس سے کانسٹیبل محمد بلال زخمی ہو گئے، جبکہ جوابی کارروائی میں تینوں ملزمان مارے گئے۔ ہلاک افراد کی شناخت عدنان، شوکت اور شعیب اختر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

کارروائی کے بعد پولیس نے موقع سے اسلحہ، گولیوں کے خول اور مقتول حسن قادر کی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی، جبکہ دو نامعلوم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔