ساہیوال میں ٹرانسپورٹرز کا مرکزی قیادت کا پرتپاک استقبال، مذاکراتی کامیابی کو سراہا گیا

ساہیوال میں آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کی مرکزی قیادت کی واپسی پر مقامی ٹرانسپورٹرز نے بھرپور استقبال کیا۔ ایسوسی ایشن کے صدر محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ اور سینئر نائب صدر حاجی اظہر سراج کراچی سے ساہیوال پہنچے تو ٹرانسپورٹرز کی بڑی تعداد نے ان کا خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر رہنماؤں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور گلدستے پیش کیے گئے۔ ٹرانسپورٹرز نے مرکزی قیادت کی جانب سے حالیہ مشکل حالات میں مذاکرات کے ذریعے مطالبات منوانے پر اظہار تشکر بھی کیا۔

ٹرانسپورٹرز رہنماؤں کے مطابق حالیہ پیش رفت کسی ایک شہر یا تنظیم تک محدود نہیں بلکہ ملک بھر کی ٹرانسپورٹ برادری کی مشترکہ کامیابی ہے۔ ان کے مطابق مذاکرات کے نتیجے میں مختلف اہم مطالبات پر پیش رفت ہوئی ہے اور بعض معاملات کو تحریری معاہدے کا حصہ بھی بنایا گیا ہے۔

ان مطالبات میں دس ویلر گاڑیوں کے لیے 35 ٹن تک وزن کی اجازت، ایکسل لوڈ سے متعلق قواعد پر ملک گیر عملدرآمد اور دیگر امور شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پرانی گاڑیوں کی فٹنس، خصوصاً 10، 20 اور 30 سال پرانے ٹرکوں سے متعلق مسائل، HTV ڈرائیونگ لائسنس کے معاملات اور ڈرائیوروں کی تنخواہوں میں 5 ہزار روپے اضافے جیسے مطالبات پر بھی منظوری کی بات سامنے آئی ہے۔

مقامی ٹرانسپورٹرز نے مذاکراتی عمل میں مرکزی قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے خاص طور پر چوہدری قمر زمان گل، محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ، حاجی اظہر سراج اور سینئر وائس چیئرمین امداد حسین نقوی سمیت دیگر رہنماؤں کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

ٹرانسپورٹرز کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں مرکزی قیادت نے ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز کا مؤقف متحد ہوکر حکومتی سطح پر پیش کیا، جس کے نتیجے میں اہم مسائل کے حل کی راہ ہموار ہوئی۔

ساہیوال آمد پر ٹرانسپورٹرز نے کہا کہ حالیہ کامیابی اتحاد، مسلسل جدوجہد اور قیادت پر اعتماد کا نتیجہ ہے اور وہ مستقبل میں بھی ٹرانسپورٹ برادری کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔