اسلام آباد: وفاقی حکومت آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے پر غور کر رہی ہے، جبکہ ابتدائی تجاویز کے مطابق تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد تک اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں بجٹ سے متعلق ایک غیر رسمی مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ مالی سال کی مالی حکمت عملی اور ملازمین کو ممکنہ ریلیف فراہم کرنے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر خزانہ نے وزیراعظم کو بجٹ کی اہم تجاویز اور معاشی صورتحال پر بریفنگ دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ مہنگائی کی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد اضافے کی تجویز زیر غور ہے۔
تاہم وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ دستیاب مالی وسائل اور حکومتی گنجائش کا تفصیلی جائزہ لے کر ایسی سفارشات تیار کی جائیں جن کے ذریعے ملازمین کو زیادہ سے زیادہ ممکنہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق حتمی فیصلے کا اعلان وفاقی بجٹ پیش کیے جانے کے موقع پر متوقع ہے۔