آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس کے انتخابی قافلے پر فائرنگ , ایک سیکیورٹی اہلکار جاں بحق
آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس کے انتخابی قافلے پر فائرنگ کے واقعے میں ایک سیکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے، تاہم سردار تنویر الیاس محفوظ رہے۔
ترجمان کے مطابق سردار تنویر الیاس اپنے انتخابی دورے کے سلسلے میں حلقہ ایل اے-22 پاچھوٹ جا رہے تھے۔ ان کا قافلہ 33 گاڑیوں پر مشتمل تھا اور راولاکوٹ جاتے ہوئے ٹائیں ڈلکوٹ کے علاقے میں رکا، جہاں نامعلوم شرپسند عناصر نے حملہ کر دیا۔
حملے کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی گارڈ سمیت تین افراد زخمی ہوئے۔ زخمی گارڈ کے سر پر گولیاں لگیں اور اسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ دیگر زخمیوں کو بھی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ادھر استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے شہید سیکیورٹی اہلکار کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا اور زخمی ہونے والے سابق مشیر سردار امتیاز شاہین سمیت دیگر متاثرین کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
عبدالعلیم خان نے اپنے بیان میں کہا کہ سیاسی سرگرمیوں کے دوران تشدد اور فائرنگ جیسے واقعات ناقابلِ قبول ہیں اور ایسے بزدلانہ اقدامات جمہوری اقدار کے منافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی اس مشکل گھڑی میں شہید کے لواحقین اور زخمیوں کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔