سعودی عرب میں غیر قانونی قیام پر ملک بدری قید اور 50 ھزار ریال تک جرمانے کا اعلان

سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ ویزے کی مدت ختم ہونے کے باوجود مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم رہنے والے غیر ملکی شہریوں کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔

وزارت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جو افراد مقررہ ویزہ مدت ختم ہونے کے بعد بھی سعودی عرب سے روانہ نہیں ہوں گے، انہیں ملکی قوانین کے مطابق قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اعلامیے کے مطابق ایسے افراد پر 50 ہزار سعودی ریال تک جرمانہ، چھ ماہ تک قید اور سزا مکمل ہونے کے بعد ملک بدری کی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔

وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ اقامہ، لیبر اور سرحدی قوانین پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے اور ان قوانین کی خلاف ورزی کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔

حکام نے تمام غیر ملکی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ویزے کی معیاد پر نظر رکھیں، مقررہ وقت پر مملکت سے روانہ ہوں اور سعودی قوانین کی مکمل پاسداری کریں تاکہ جرمانوں اور قانونی کارروائی سے محفوظ رہ سکیں۔

وزارت کے مطابق مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی صوبے میں امیگریشن یا اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کی اطلاع 911 پر دی جا سکتی ہے، جبکہ سعودی عرب کے دیگر علاقوں میں اس مقصد کے لیے ہیلپ لائن 999 سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔