سعودی عرب کا پاکستان سمیت دنیا بھر کے لیے نیا ڈیجیٹل ویزا پیکج متعارف کرا دیا
سعودی عرب نے پاکستان سمیت مختلف ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے سفری سہولیات کو مزید آسان بنانے کے مقصد سے نیا ڈیجیٹل “پیکیج ویزا” نظام متعارف کرا دیا ہے۔
سعودی ٹورازم اتھارٹی کے مطابق اس جدید نظام کے ذریعے مسافر ایک ہی پلیٹ فارم پر ویزا درخواست، فضائی ٹکٹ، ہوٹل بکنگ اور دیگر سفری خدمات حاصل کر سکیں گے، جس سے مختلف مراحل کے لیے الگ الگ انتظامات کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
اس سہولت کے تحت اہل درخواست گزار منظور شدہ ٹریول سروس فراہم کرنے والوں کے ذریعے مکمل ٹریول پیکیج بک کرتے ہوئے ویزا کی درخواست بھی جمع کرا سکیں گے۔ پیکیج میں سیاحتی سرگرمیوں اور مختلف تقریبات کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا کہ یہ اقدام مملکت میں سیاحت کے فروغ اور بین الاقوامی مسافروں کے لیے سفری عمل کو زیادہ آسان، تیز اور مربوط بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
سعودی عرب پاکستانی شہریوں کے لیے اہم ترین سفری مقامات میں شمار ہوتا ہے، جہاں ہر سال بڑی تعداد میں لوگ حج، عمرہ، ملازمت، کاروبار اور سیاحت کی غرض سے سفر کرتے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق 2024 کے دوران تقریباً 27 لاکھ پاکستانی سعودی عرب گئے، جبکہ 2025 میں یہ تعداد بڑھ کر تقریباً 28 لاکھ 70 ہزار تک پہنچ گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ نیا پیکیج ویزا سسٹم پاکستانی مسافروں سمیت دیگر بین الاقوامی سیاحوں کے لیے سفر کو مزید سہل بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
سعودی حکام کے مطابق اس سروس کا آغاز ابتدائی مرحلے میں منتخب بین الاقوامی ٹریول کمپنیوں کے ذریعے کیا گیا ہے، جبکہ آئندہ مرحلوں میں اس کا دائرہ کار مزید ممالک اور سروس فراہم کرنے والوں تک بڑھایا جائے گا۔