سیکورٹی فورسز کی پنجگور میں کارروائی ، دہشت گردی کی بڑی سازش ناکام
بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے جیرک میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ اور مواصلاتی آلات برآمد کیے۔ کارروائی کے دوران ایک گاڑی سے چار راکٹ فیوز اور متعدد دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) بھی تحویل میں لیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ خیز مواد کسی بڑے دہشت گرد حملے میں استعمال کیا جانا تھا، تاہم سیکیورٹی اداروں کی فوری اور مؤثر کارروائی کے باعث اس منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز کی اس کامیاب کارروائی نے علاقے کو ممکنہ بڑے نقصان سے محفوظ رکھا۔ حکام کے مطابق دہشت گردی کے خلاف یہ کارروائی اس عزم کی عکاس ہے کہ فورسز بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے مکمل طور پر متحرک اور پرعزم ہیں۔