شالیمار پولیس کی کارروائی، 14 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کے الزام میں پڑوسی گرفتار

شالیمار پولیس نے 14 سالہ کم عمر لڑکی سے مبینہ زیادتی کے الزام میں اس کے پڑوسی کو گرفتار کرلیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق تھانہ شالیمار میں کم عمر لڑکی سے مبینہ زیادتی سے متعلق درخواست موصول ہوئی، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چند گھنٹوں کے اندر مبینہ ملزم کو تلاش کرکے حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کاشف عرف کاشی نے مبینہ طور پر بچی کو یہ کہہ کر اپنے گھر بلایا کہ اس کی والدہ وہاں موجود ہیں اور اسے بلا رہی ہیں۔ بچی کے گھر میں داخل ہونے کے بعد ملزم نے مبینہ طور پر دروازہ اندر سے بند کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے مبینہ طور پر بچی کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا اور واقعے کے بعد اسے واپس گھر چھوڑتے ہوئے کسی کو بتانے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔

اہلخانہ کی جانب سے دریافت کرنے پر بچی نے مبینہ واقعے سے متعلق انہیں آگاہ کیا، جس کے بعد پولیس سے رجوع کیا گیا۔

پولیس نے مبینہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور مزید تحقیقات کے لیے کیس انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔