شیرا کوٹ میں بزرگ شہری کے قتل کا معمہ حل، بیٹی اور اس کا آشنا گرفتار
لاہور کے علاقے شیرا کوٹ میں بزرگ شہری کے قتل کی تفتیش کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول کی اپنی بیٹی اور اس کے مبینہ آشنا کے قتل کی منصوبہ بندی میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی بیٹی اپنے آشنا سے شادی کی خواہشمند تھی، تاہم اس کے والد اس رشتے پر رضامند نہیں تھے۔ پولیس کے مطابق اسی اختلاف کے باعث دونوں نے مبینہ طور پر شہری کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔
انچارج انویسٹی گیشن کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر 2 لاکھ روپے کے عوض دو شوٹرز کی خدمات حاصل کیں تاکہ بزرگ شہری کو قتل کیا جاسکے۔
ایس پی حسن فاروق گھمن کے مطابق شہری رحمت علی کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا، جس کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس کے انویسٹی گیشن اور آپریشن ونگ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کیس کے دونوں مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کے بعد واقعے کے دیگر پہلو بھی سامنے آنے کا امکان ہے۔