اختیارات سے تجاوز اور مس کنڈکٹ پر ایس ایچ او تھانہ لڈن محمد امین جھنڈیر معطل

وہاڑی میں محکمہ پولیس کے ایک اہلکار کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال نے ایس ایچ او تھانہ لڈن محمد امین جھنڈیر کو معطل کر کے پولیس لائنز میں رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ایس ایچ او پر اختیارات کے مبینہ غلط استعمال اور غیر پیشہ ورانہ رویے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، جس کے بعد ان کے خلاف باقاعدہ چارج شیٹ جاری کرتے ہوئے محکمانہ انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال نے اس موقع پر کہا کہ پولیس میں کسی بھی قسم کے اختیارات کے ناجائز استعمال، غیر قانونی حراست یا شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی عملداری اور شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ وہاڑی پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی جاری رہے گی۔