راولپنڈی میں “سگنل فری راولپنڈی” منصوبے کے تحت ایک اہم سنگِ میل مکمل کر لیا گیا، جہاں 190 دن کے مقررہ وقت کے بجائے صرف 179 دن میں منصوبے کے بڑے حصے کو مکمل کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اس منصوبے میں 5 انڈر پاسز، 2 اوور ہیڈ برجز اور ایک جدید پیڈسٹرین برج شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے “معرکۂ حق اسکوائر” کا افتتاح کیا، جبکہ کچہری چوک سے تاریخی دن تک کے حصے کو بھی اسی نام سے منسوب کر دیا گیا۔ افتتاح کے موقع پر منصوبے کی یادگاری تختی کی نقاب کشائی اور دعائے خیر بھی کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے سگنل فری کوریڈور کا دورہ کرتے ہوئے اوور ہیڈ برج، انڈر پاسز اور مختلف شاہراہوں کا معائنہ کیا۔ اس دوران صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ نے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔
حکام کے مطابق راولپنڈی کے مصروف ترین علاقوں میں قائم کیے گئے اس سگنل فری کوریڈور سے روزانہ دو لاکھ سے زائد گاڑیوں کی آمدورفت آسان ہو سکے گی۔ منصوبے میں جدید طرز کا پیڈسٹرین برج بھی شامل کیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ روات سے موٹروے تک 25 کلومیٹر طویل سگنل فری کوریڈور پر کام جاری ہے، جس کے دو مراحل مکمل ہو چکے ہیں جبکہ تیسرا مرحلہ جلد مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 9 انڈر پاسز اور 3 فلائی اوورز تعمیر کیے جائیں گے، جبکہ ریس کورس، چیئرنگ کراس اور اے ایف آئی سی چوک میں بھی نئے انڈر پاسز بنائے جائیں گے۔