سنگاپور میں سرکاری ملازمین کے لیے میچ میکنگ سروس متعارف

سنگاپور حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے شریکِ حیات تلاش کرنے کی غرض سے باقاعدہ میچ میکنگ سروس متعارف کرادی ہے، جس کا مقصد ملک میں کم ہوتی شرحِ پیدائش کے مسئلے سے نمٹنے کی کوششوں کو تقویت دینا ہے۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنگاپور میں بچوں کی پیدائش کی شرح ریکارڈ سطح تک کم ہوچکی ہے، جبکہ ملک کو تیزی سے بڑھتی ہوئی عمر رسیدہ آبادی کے چیلنج کا بھی سامنا ہے۔ اسی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے سرکاری ملازمین کو رشتہ تلاش کرنے میں معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سرکاری میچ میکنگ سروس کے تحت ایک ایپ متعارف کرائی گئی ہے، جہاں اہل سرکاری ملازمین اپنے شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے رجسٹریشن کرکے ایک سوالنامہ مکمل کرتے ہیں۔ اس سروے میں شرکا کی دلچسپیوں، معمولات، عادات اور ذاتی اقدار سے متعلق معلومات حاصل کی جاتی ہیں۔

حکام کے مطابق اس سروس میں شرکت کے لیے عمر کی حد 21 سے 35 سال مقرر کی گئی ہے، جس کے ذریعے شریکِ حیات کے لیے موزوں امیدوار تلاش کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

دوسری جانب سنگاپور حکومت نے شرحِ پیدائش میں مسلسل کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے والدین کو مالی معاونت فراہم کرنے کا منصوبہ بھی متعارف کرایا ہے۔

منصوبے کے تحت سنگاپور میں پیدا ہونے والے ہر بچے کے لیے حکومت 17 سال کی عمر تک مختلف مراحل میں مجموعی طور پر 55 ہزار امریکی ڈالر کی مالی معاونت فراہم کرے گی، جو پاکستانی کرنسی میں ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔

حکومت کے مطابق یہ مالی معاونت بچوں کی پیدائش سے لے کر ان کے 17 سال کی عمر تک پہنچنے کے دوران مختلف اوقات میں فراہم کی جائے گی، تاکہ والدین پر بچوں کی پرورش کے مالی اخراجات کا بوجھ کم کیا جاسکے۔