ایس ایم ای ایکسپورٹرز کے لیے نئی انشورنس اسکیم متعارف
پاکستان کے برآمدی شعبے میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر پاک ایگزم اور ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے لیے نئی انشورنس اسکیم شروع کردی ہے۔
نئے منصوبے کے تحت پہلی مرتبہ ایس ایم ای ایکسپورٹرز کو بیرون ملک خریداروں سے حاصل ہونے والی ادائیگیوں کے حوالے سے مالی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ اگر کسی غیر ملکی خریدار کی جانب سے طے شدہ رقم ادا نہ کی جائے تو اس صورت میں ایکسپورٹر کو ممکنہ مالی نقصان سے بچانے کے لیے انشورنس کور دستیاب ہوگا۔
حکام کے مطابق اس سہولت سے ایس ایم ایز کو بڑے بین الاقوامی آرڈرز لینے میں زیادہ اعتماد ملے گا، جبکہ نئے عالمی خریداروں اور بیرون ملک مارکیٹس تک رسائی کے امکانات بھی بہتر ہوں گے۔
ایکسپورٹرز کو رہنمائی فراہم کرنے کے لیے پاک ایگزم نے سیالکوٹ اور فیصل آباد میں دفاتر بھی قائم کردیئے ہیں۔ ان مراکز پر ایس ایم ای کاروباری افراد کو نئی انشورنس اسکیم کے طریقہ کار اور سہولت سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں گی۔
منصوبے کے تحت پاک ایگزم اور ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ مل کر تقریباً 3 ارب روپے کا رسک پول تشکیل دیں گے، جبکہ آئی سی آئی ای سی نئی انشورنس اسکیم کے لیے بین الاقوامی سطح پر معاونت فراہم کرے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اسکیم سے ایس ایم ایز کی برآمدی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کے ساتھ پیداوار اور روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ متوقع ہے، جبکہ اس کے نتیجے میں پاکستان کے لیے مزید زرمبادلہ حاصل کرنے کے امکانات پیدا ہوں گے۔