ریاستی اداروں کے منافع میں کمی، وزارت خزانہ نے ششماہی رپورٹ جاری کردی
وزارت خزانہ نے ریاستی ملکیتی اداروں (ایس او ایز) کی ششماہی کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ میں سرکاری اداروں کے منافع میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ یہ پیش رفت عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط کی تکمیل کے سلسلے میں سامنے آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ریاستی ملکیتی اداروں کا مجموعی منافع 457.20 ارب روپے سے کم ہوکر 423.3 ارب روپے رہ گیا۔ جولائی سے دسمبر 2025 کے دوران ایس او ایز کے نقصانات بھی 342.9 ارب روپے سے معمولی کمی کے بعد 342.8 ارب روپے ریکارڈ کیے گئے۔
دستاویز کے مطابق جولائی 2025 سے دسمبر 2025 کے دوران ریاستی اداروں کے منافع میں 30 فیصد کمی ہوئی، جبکہ اسی عرصے میں ایس او ایز کا منافع 114.3 ارب روپے سے گھٹ کر 80.5 ارب روپے رہ گیا۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زیرِ جائزہ مدت کے دوران ریاستی ملکیتی اداروں کی ایکویٹی میں بھی 3 فیصد کمی واقع ہوئی۔ ایس او ایز کی ایکویٹی 6,628.7 ارب روپے سے کم ہوکر 6,407.2 ارب روپے رہ گئی۔
ششماہی رپورٹ کے مطابق ریاستی اداروں کی ذمہ داریوں میں ایک فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ جولائی تا دسمبر 2025 کے دوران ایس او ایز کے مجموعی اثاثوں میں 2 فیصد کمی ہوئی۔
دستاویز کے مطابق ریاستی ملکیتی اداروں کے اثاثے 37,729.7 ارب روپے سے کم ہوکر 37,107 ارب روپے رہ گئے۔