بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو رانجی ٹرافی کیلئے ممبئی اسکواڈ میں جگہ نہ بنا سکے

بھارت کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور ایشیا کپ جتوانے والے کپتان سوریا کمار یادیو کو بھارتی ٹیم کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی اسکواڈ سے باہر کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوریا کمار یادیو نے رانجی ٹرافی میں شرکت کیلئے اپنی دستیابی ظاہر کی تھی، تاہم اس کے باوجود انہیں ممبئی کے 16 رکنی اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ ممبئی اور چندی گڑھ کے درمیان رانجی ٹرافی کا پہلا میچ 11 اکتوبر کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن نے سوریا کمار یادیو سے ریڈ بال کرکٹ میں واپسی کے حوالے سے رابطہ کیا تھا، جس پر بیٹر نے ٹورنامنٹ کیلئے دستیاب ہونے پر آمادگی ظاہر کی۔

تاہم ممبئی کے چیف سلیکٹر راجیش پوار کے مطابق 36 سالہ سوریا کمار یادیو نے تقریباً ڈیڑھ سال سے فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں کھیلی، اس لیے دوبارہ ٹیم میں شامل کیے جانے سے پہلے انہیں مناسب میچ پریکٹس حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔

یوں بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کرنے والے سوریا کمار یادیو کو رانجی ٹرافی کے ابتدائی میچ کیلئے بھی ممبئی کے اسکواڈ میں جگہ نہیں مل سکی۔