سوشانت سنگھ راجپوت کے پوسٹ مارٹم سے متعلق بہن کے نئے دعوے
بھارتی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی بہن شویتا سنگھ کیرتی نے اپنے بھائی کے پوسٹ مارٹم سے متعلق بعض نئے اور تشویشناک دعوے سامنے رکھے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک حالیہ ویڈیو میں شویتا سنگھ کیرتی نے دعویٰ کیا کہ سوشانت کا پوسٹ مارٹم کرنے والے ایک شخص نے انہیں بتایا تھا کہ جسم پر گولی چلنے کے شواہد موجود تھے، جبکہ اداکار کی ایک ٹانگ بھی ٹوٹی ہوئی تھی۔
شویتا کے مطابق انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ سوشانت کے ساتھ انتہائی طاقت کا استعمال کیا گیا تھا اور ان کی آنکھوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
سوشانت کی بہن نے ان باتوں کو ایسی معلومات قرار دیا جو انہیں حال ہی میں معلوم ہوئی ہیں۔ تاہم انہوں نے پوسٹ مارٹم کرنے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی اور نہ ہی ان دعوؤں کے حوالے سے مزید تفصیلات بیان کیں۔
شویتا سنگھ کیرتی نے کہا کہ کسی عزیز کے ساتھ پیش آنے والے ایسے واقعے کا تصور کرنا بھی انتہائی تکلیف دہ ہے۔ ان کے بقول جس شخص سے انسان گہری محبت کرتا ہو، اس کے ساتھ پیش آنے والی تکلیف دہ صورتحال کے بعد معاف کرنا مزید مشکل ہوجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشانت کی موت کا غم آج بھی ان کے لیے بہت گہرا ہے، تاہم وہ نفرت، انتقام یا رنجش کو اپنی زندگی پر غالب نہیں آنے دینا چاہتیں۔
شویتا نے مزید کہا کہ ان کی زندگی کا مقصد محبت، ایمان، نیکی اور خدا کے لیے حق پر قائم رہنا ہے۔
واضح رہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت جون 2020 میں انتقال کرگئے تھے، تاہم ان کی موت اور اس سے متعلق مختلف پہلو آج بھی عوامی سطح پر زیر بحث آتے رہتے ہیں۔