افغانستان سے تعلق رکھنے والے افراد کو اب پاکستان میں مزید رہنے کی اجازت نہیں،طلال چودھری
وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان نے کئی دہائیوں تک افغان شہریوں کی میزبانی کی اور انہیں مختلف بنیادی سہولیات فراہم کیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کا مؤقف یہ ہے کہ افغان شہری اپنے وطن واپس جائیں، جبکہ جو افراد قانونی طریقے سے دوبارہ پاکستان آنا چاہتے ہیں، وہ مقررہ امیگریشن قوانین اور ضابطوں کے تحت درخواست دے سکتے ہیں۔
طلال چودھری کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کو مستقل رہائش کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم بعض افراد، خصوصاً افغانستان سے تعلق رکھنے والے چند عناصر، کے بارے میں دہشت گردی اور دیگر جرائم سے روابط کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، اسی وجہ سے حکومت غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں سے متعلق پالیسی پر عمل درآمد کر رہی ہے۔