(چیچہ وطنی)
پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں آئس فراہم کرنے والے مبینہ مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔
حکام کے مطابق ملتان نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر 96 گھنٹے تک جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے بعد شیر شاہ ٹول پلازہ کے قریب کارروائی کی، جس میں افتخار احمد اور شبیر احمد نامی دو افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے 16 کلوگرام سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی آئس اور اسلحہ برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
تحقیقات کے دوران محمد یاسین نامی شخص کا نام سامنے آیا، جس کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ مختلف شہروں کے تعلیمی اداروں تک آئس پہنچانے میں ملوث تھا۔ حکام کے مطابق بعد ازاں اسے بھی گرفتار کر لیا گیا۔
ڈی جی پنجاب سی این ایف بریگیڈیئر مظہر اقبال نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کی ترسیل انتہائی سنگین جرم ہے اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لیے صوبہ بھر میں بلاامتیاز آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔