معروف طبلہ نواز استاد طافو کے فرزند گلوکار طارق طافو انتقال کر گئے
پاکستان کے معروف گلوکار اور لیجنڈری طبلہ نواز استاد طافو کے صاحبزادے طارق طافو 58 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق طارق طافو کی طبیعت اچانک ناساز ہوئی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کا انتقال دل کی دھڑکن بند ہونے کے باعث ہوا۔
طارق طافو کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد موسیقی کی دنیا اور ان کے مداحوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ فنکاروں اور شوبز شخصیات نے ان کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی ہے۔
مرحوم نے اپنے مقبول پنجابی گیت “لاہور لاہور اے” کے ذریعے بھرپور شہرت حاصل کی اور موسیقی کے میدان میں اپنی منفرد شناخت بنائی۔ ان کے فن کو آج بھی شائقینِ موسیقی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
طارق طافو اپنے پس ماندگان میں اہلیہ، ایک بیٹے اور دو بیٹیوں کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ ان کی وفات سے پاکستانی موسیقی ایک باصلاحیت فنکار سے محروم ہو گئی ہے