ٹھٹھہ میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک 3 فرار
گھارو کے نواحی علاقے میں پولیس اور مشتبہ ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو مارا گیا، جبکہ اس کے تین ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم پر الزام تھا کہ وہ گزشتہ شب ڈیوٹی کے دوران دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے واقعے میں ملوث تھا۔ پولیس نے اس کی شناخت حضور بخش کے نام سے کی ہے، جس کا تعلق ضلع کشمور سے بتایا جاتا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے دوران ایک اور مشتبہ ملزم کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، تاہم اس حوالے سے مزید تصدیق کا عمل جاری ہے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش اور گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔