صدر ٹرمپ نے ایران کو 30 کروڑ ڈالر دیے جانے والی خبر کو فیک نیوز قرار دے دیا

واشنگٹن.امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو مبینہ طور پر 30 کروڑ ڈالر فراہم کیے جانے سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے، تاہم انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے کی تصدیق کی ہے۔

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو مالی امداد دینے کی رپورٹس حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ ایسی اطلاعات سیاسی مقاصد کے تحت پھیلائی جا رہی ہیں۔

صدر ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایران نے جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے کے حوالے سے اہم یقین دہانیاں کرائی ہیں۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر ایران معاہدے کی شرائط پر مکمل عملدرآمد کرتا ہے تو اسے تعمیرِ نو کے لیے ایک بڑے مالیاتی پیکیج تک رسائی مل سکتی ہے۔ ان کے مطابق یہ فنڈ امریکہ نہیں بلکہ خلیجی ممالک کے تعاون سے فراہم کیا جا سکتا ہے۔

وینس نے امریکی میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ ایران کے لیے ممکنہ مالی معاونت کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ وہ معاہدے میں طے شدہ ذمہ داریوں کو کس حد تک پورا کرتا ہے۔

دوسری جانب امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی مکمل تفصیلات تاحال منظرِ عام پر نہیں آئیں۔ تاہم گزشتہ روز صدر ٹرمپ نے اشارہ دیا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدے سے متعلق تمام ضروری مراحل مکمل ہو چکے ہیں اور دستاویزی کارروائی بھی انجام پا چکی ہے۔