صدر ٹرمپ کے ایرانی تجاویز مسترد کئے جانے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل قیمتیں پھر بڑھ گئیں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کی تجاویز مسترد کیے جانے اور آبنائے ہرمز کی صورتحال سے متعلق غیر یقینی خدشات کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد برینٹ کروڈ آئل 104 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل تقریباً 99 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا۔

توانائی مارکیٹ پر نظر رکھنے والے اداروں کے مطابق حالیہ کشیدگی کے آغاز کے بعد سے برینٹ خام تیل کی قیمت میں مجموعی طور پر قریب 20 ڈالر فی بیرل اضافہ ہو چکا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے جنگ بندی سے متعلق امریکی تجاویز پر دیے گئے ردعمل کو مسترد کرتے ہوئے سخت ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا کہ ایران کے نمائندوں کی طرف سے موصول ہونے والا جواب انہیں ہرگز قابلِ قبول نہیں۔