صدر ٹرمپ کی ایران کو معاہدے کی پاسداری نا کرنے پر ایک بار پھر دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری سرگرمیاں معمول پر آ رہی ہیں اور ایران اس حوالے سے مثبت رویہ اختیار کر رہا ہے، جس سے خطے کی صورتحال میں بہتری کی امید پیدا ہوئی ہے۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اہم عالمی بحری راستے میں جہازوں کی آمدورفت بحال ہو رہی ہے اور معاملات درست سمت میں پیش رفت کر رہے ہیں۔

انہوں نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر تہران کسی ممکنہ معاہدے کی شرائط پر عمل درآمد میں ناکام رہا تو واشنگٹن اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ ان کے مطابق جب تک ایران امریکہ کے ساتھ ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرتا رہے گا، دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پیدا ہونے کا امکان کم رہے گا۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ انہیں توقع ہے ایران بین الاقوامی نگرانی اور اسلحہ معائنوں کے حوالے سے تعاون کرے گا۔ ان کے بقول مستقبل میں جوہری سرگرمیوں میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے بھی ایران آمادگی ظاہر کر سکتا ہے۔

ٹرمپ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ امریکہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا اور اسی مقصد کے تحت سفارتی اور سیاسی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔