امریکی ریاست میساچوسٹس کے مشہور ساحلی علاقے کیپ کوڈ
کے قریب سمندر سے ایک انتہائی نایاب جھینگا ملا ہے، جس کی منفرد رنگت نے ماہرین کو حیران کر دیا ہے۔
یہ جھینگا دو مختلف رنگوں پر مشتمل ہے، جس میں ایک حصہ بھورا جبکہ دوسرا حصہ نارنجی دکھائی دیتا ہے۔ سمندری ماہرین اسے قدرت کی ایک غیر معمولی تخلیق قرار دے رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس طرح کے جھینگے کا ملنا بہت کم ہوتا ہے اور اس کے سامنے آنے کے امکانات تقریباً پانچ کروڑ میں ایک کے برابر ہیں۔
اس منفرد جھینگے کو کشتی کے عملے کے رکن ٹموتھی مائیکل
(Timothy Michael) نے دریافت کیا، جو اسے دیکھ کر حیران رہ گئے۔ اطلاعات کے مطابق جھینگے کا وزن تین پاؤنڈ سے زائد ہے، جبکہ اس کے جسم پر سر سے لے کر دم تک رنگ واضح طور پر دو حصوں میں تقسیم نظر آتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قسم کی رنگت عام طور پر جینیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پیدا ہوتی ہے، جو سمندری حیات میں شاذ و نادر ہی دیکھی جاتی ہے۔
اس جھینگے کو نایاب ہونے کی وجہ سے فروخت یا استعمال کرنے کے بجائے متعلقہ کمپنی نے اسے ووڈز ہول سائنس ایکویریئم (Woods Hole Science Aquarium) کے حوالے کر دیا ہے، جہاں اسے محفوظ رکھا جائے گا۔
ایکویریئم انتظامیہ کے مطابق 2027 میں تزئین و آرائش مکمل ہونے کے بعد اس نایاب جھینگے کو عوام کے لیے نمائش میں پیش کیا جائے گا۔