برطانیہ میںرات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر خودکار پابندی عائد کرنے پر غور
برطانیہ میں حکومت نے 16 اور 17 سال کی عمر کے نوجوانوں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق نئی تجاویز پیش کی ہیں، جن کے تحت رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر خودکار پابندی عائد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
مجوزہ منصوبے کے مطابق رات کے ان اوقات میں سوشل میڈیا ایپس خود بخود غیر فعال ہو جائیں گی، تاہم صارفین کو اپنی سیٹنگز کے ذریعے اس فیچر کو بند کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔
حکومت نوجوانوں کی صحت اور روزمرہ معمولات کو بہتر بنانے کے لیے ایسے فیچرز کو بھی محدود کرنا چاہتی ہے جو مسلسل اسکرین استعمال کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، جن میں آٹو پلے اور لامتناہی اسکرولنگ جیسے آپشنز شامل ہیں۔ تجویز ہے کہ یہ فیچرز ڈیفالٹ طور پر غیر فعال رکھے جائیں تاکہ نیند، تعلیمی کارکردگی اور خاندانی روابط پر مثبت اثر پڑے۔
دوسری جانب بچوں کے حقوق اور آن لائن تحفظ کے شعبے سے وابستہ ماہرین نے اس منصوبے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر صارفین ان پابندیوں کو آسانی سے اپنی مرضی سے ختم کر سکیں گے تو ممکن ہے کہ اس اقدام کے مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہو سکیں۔