امریکا کی جانب سے ایران کے مختلف علاقوں میں رات بھر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری

امریکا کی جانب سے ایران کے مختلف علاقوں میں رات بھر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رہا، جن میں متعدد اہم تنصیبات اور انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی حکام کے مطابق صوبہ ہرمزگان میں ہونے والے حملوں کے نتیجے میں کم از کم دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ چار دیگر زخمی ہوئے۔ گورنر ہرمزگان کے دفتر نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بندر عباس ریلوے جنکشن بھی نشانہ بننے والے مقامات میں شامل تھا۔

واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی، جبکہ بندر عباس سے خمیر جانے والی شاہراہ اور کیشر سے کوہورستان تک کا راستہ بھی عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق بوشہر شہر میں بھی متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ دوسری جانب لرستان کے حکام نے بتایا کہ صوبے کے چیگنی کاؤنٹی کے وزیان علاقے میں بھی فضائی حملہ کیا گیا۔

سرکاری میڈیا کے مطابق ایران شہر کے ہوائی اڈے پر حملے کے دوران ایک شخص زخمی ہوا، جبکہ ابتدائی اطلاعات میں بجلی کے نظام اور ایندھن ذخیرہ کرنے والی تنصیبات کو نقصان پہنچنے کی بھی خبر دی گئی۔

بوشہر کے نائب گورنر برائے سیاسی و سیکیورٹی امور احسان جہانیاں نے بتایا کہ تازہ حملوں میں دشتی کاؤنٹی کے ایک مقام کے علاوہ بوشہر ایئر بیس اور بحری اڈے کو بھی میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹس کے مطابق بندر لنگہ کے قریب بھی حملے کیے گئے، جبکہ بندر خمیر کے علاقے میں پلوں کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر سات ہو گئی ہے۔ اس واقعے میں نو افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں ریسکیو ٹیموں اور طبی عملے کی جانب سے فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔