امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کو خبردار کر دیا ۔ تشدد کا جواب تشدد سے دینے کا اعلان
امریکا کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان طے پانے والے فریم ورک معاہدے پر مکمل عملدرآمد کے لیے ابھی مزید پیش رفت اور کام درکار ہے، تاہم یہ معاہدہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔
واشنگٹن میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ مجوزہ فریم ورک میں لبنان کی خودمختاری کو مضبوط بنانے اور ریاستی اداروں کے کردار کو مؤثر بنانے کے لیے مختلف اقدامات شامل ہیں۔ ان کے مطابق معاہدے میں حزب اللہ کے عسکری ڈھانچے کے خاتمے اور اس کی مسلح سرگرمیوں کو محدود کرنے سے متعلق نکات بھی شامل کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ امریکا کی سرپرستی میں ایک سہ فریقی فوجی رابطہ گروپ قائم کیا جائے گا، جس کا مقصد معاہدے پر عملدرآمد اور سیکیورٹی تعاون کو بہتر بنانا ہوگا۔
امریکی وزیر خارجہ کے مطابق لبنان کے لیے 100 ملین ڈالر کی انسانی امداد فراہم کی جائے گی، جبکہ لبنانی مسلح افواج کی استعداد کار میں اضافے کے لیے 30 ملین ڈالر سے زائد مالی اور تکنیکی معاونت بھی دی جائے گی۔
مارکو روبیو نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے اور مستقبل میں زیادہ مستحکم اور پُرامن تعلقات کے قیام میں مددگار ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ امریکا، اسرائیل اور لبنان کے نمائندوں نے واشنگٹن میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران سہ فریقی فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے، جس میں امریکی وزیر خارجہ بھی شریک تھے۔