وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری سے امریکی قونصل جنرل لاہور سٹیٹسن سینڈرز کی ملاقات
وزارت اطلاعات و ثقافت پنجاب اور امریکی قونصل خانے نے ثقافتی شعبے میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے، جس کا مقصد فن، ثقافت اور تخلیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کو آگے بڑھانا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری سے امریکی قونصل جنرل لاہور سٹیٹسن سینڈرز نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی اور سیاسی و اقتصادی امور کی مشیر صدف سعد بھی موجود تھیں۔
ملاقات کے دوران پنجاب فلم سٹی کے قیام اور صوبے میں تھیٹر کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ لاہور میں امریکی فنکاروں اور الحمرا آرٹس کونسل کے درمیان مشترکہ ثقافتی شراکت داری کے امکانات بھی زیر غور آئے۔
عظمیٰ بخاری نے امریکی قونصل جنرل کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے مختلف شعبوں میں شروع کیے گئے ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت خواتین، طلبہ اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد منصوبوں پر عمل درآمد کر رہی ہے، جبکہ “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت ایک لاکھ 70 ہزار گھروں کی تعمیر جاری ہے۔
ملاقات کے اختتام پر وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے امریکی قونصل جنرل کو یادگاری سووینئر بھی پیش کیا۔