وہاڑی میں سیوریج لائن کی صفائی کے دوران حادثہ، واسا کے دو ملازمین جان کی بازی ہار گئے

وہاڑی کے پرانے لاری اڈا کے قریب مرکزی سیوریج لائن کی صفائی کے دوران پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں واسا کے دو ملازمین جاں بحق ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے ملازمین، سنی اور ساول، کا تعلق ضلع خانیوال سے تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں کارکن حفاظتی سامان کے بغیر رسی کے ذریعے گٹر میں اترے تھے۔ صفائی کے دوران رسی کا سہارا ختم ہونے پر وہ گہرے مین ہول میں جا گرے، جہاں زہریلی گیس اور آکسیجن کی کمی کے باعث ان کی جان نہ بچ سکی۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے اور امدادی کارروائی کے بعد دونوں افراد کی لاشیں گٹر سے باہر نکال لیں۔ بعد ازاں ضروری قانونی کارروائی کے لیے میتوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال وہاڑی منتقل کر دیا گیا۔