ڈونلڈ ٹرمپ کے بعد ولادیمیر پیوٹن کا دورہ چین

ولادیمیر پیوٹن آئندہ ہفتے دو روزہ دورے پر چائنہ جائیں گے جہاں وہ شی جن پنگ سے اہم ملاقات کریں گے۔

کریملن کے مطابق صدر پوتن 19 مئی کو چین پہنچیں گے اور اس دوران دونوں رہنما روس اور چین کے درمیان جامع شراکت داری اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو کریں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران عالمی اور علاقائی صورتحال سمیت مختلف اہم امور زیرِ بحث آئیں گے، جبکہ مذاکرات کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔

دورہ چین کے دوران روسی صدر، چینی وزیر اعظم لی چیانگ سے بھی ملاقات کریں گے جہاں اقتصادی اور تجارتی تعاون سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مغربی پابندیوں کے بعد چین، روس کے لیے ایک اہم معاشی شراکت دار اور روسی توانائی کا بڑا خریدار بن چکا ہے۔