وانا میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت انٹیلیجنس کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ خودکش حملے کی منصوبہ بندی ناکام بنا دی

جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت انٹیلیجنس کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ خودکش حملے کی منصوبہ بندی ناکام بنا دی اور دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی کو آبادی تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے غواخوام میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں ایک مشتبہ گاڑی کو مسلسل نگرانی کے بعد ہدف بنایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ گاڑی میں بڑی مقدار میں بارودی مواد موجود تھا، جسے مبینہ طور پر کسی بڑے دہشتگرد حملے میں استعمال کیا جانا تھا۔ بروقت کارروائی کے باعث وانا اور اس کے اطراف میں رہنے والے شہری ایک ممکنہ بڑے سانحے سے محفوظ رہے۔

اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے اس مشتبہ گاڑی کی تین روز تک مسلسل نگرانی کی اور اس وقت کارروائی کی جب وہ آبادی سے مناسب فاصلے پر پہنچ گئی، تاکہ عام شہریوں کی جان و مال کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔

آپریشن کے دوران دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی اور ایک موٹرسائیکل تباہ کر دی گئی، جبکہ ایک حملہ آور ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہوئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ آپریشن دہشتگردی کے خلاف جاری اقدامات میں فورسز کی بروقت منصوبہ بندی، پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر انٹیلیجنس صلاحیتوں کی ایک اہم مثال ہے۔