عالمی ٹریڈنگ مقابلہ میں پاکستانی وقار ذکا پہلی پوزیشن لے گئے۔
ٹیکنالوجی انٹرپرینیور، کرپٹو تجزیہ کار اور لیوریج ٹریڈر وقار ذکا نے عالمی سطح پر منعقد ہونے والے TradFi Competition کے سولو ٹریڈنگ مقابلے میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 3 ہزار سے زائد بین الاقوامی شرکا کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اس شاندار کارکردگی پر انہیں دبئی میں 2026 ماڈل مرسڈیز بینز G-Wagon بطور انعام پیش کی گئی۔
اس بین الاقوامی آن لائن مقابلے میں مختلف ممالک سے ہزاروں ٹریڈرز نے اپنی ذاتی سرمایہ کاری کے ساتھ حصہ لیا۔ مقابلہ صرف کرپٹو کرنسی تک محدود نہیں تھا بلکہ اس میں اسٹاکس، سونا، چاندی، کموڈیٹیز اور دیگر مالیاتی اثاثوں کی ٹریڈنگ بھی شامل تھی۔ تمام شرکا کی درجہ بندی انفرادی کارکردگی اور مجموعی منافع و نقصان کی بنیاد پر کی گئی، جبکہ کسی قسم کی ٹیم، ریفرل یا تشہیری نظام شامل نہیں تھا۔
رپورٹس کے مطابق سرفہرست تینوں ٹریڈرز نے 100 ہزار امریکی ڈالر کے سرمائے سے مقابلے کا آغاز کیا۔ وقار ذکا نے 20 روزہ ٹریڈنگ کے دوران 74 فیصد منافع حاصل کرتے ہوئے 74 ہزار امریکی ڈالر کمائے، جس کے بعد ان کے اکاؤنٹ کی مجموعی مالیت 174 ہزار امریکی ڈالر تک پہنچ گئی۔
مقابلے میں جنوبی کوریا کے ایک ٹریڈر نے 57 فیصد منافع کے ساتھ دوسری جبکہ چین کے ایک ٹریڈر نے 35 فیصد منافع حاصل کرکے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اسی نوعیت کے ایک عالمی ٹریڈنگ مقابلے میں وقار ذکا آٹھویں نمبر پر رہے تھے، تاہم اس بار انہوں نے ابتدا میں چوتھی پوزیشن سے آگے بڑھتے ہوئے شاندار کارکردگی کے ذریعے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
اس کامیابی کے ساتھ وقار ذکا ایسے پہلے پاکستانی ٹریڈر بن گئے ہیں جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر منعقد ہونے والے ملٹی ایسٹ آن لائن ٹریڈنگ ٹورنامنٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔