وسیم اکرم کے پالتو کتے کی گمشدگی، تلاش کے لیے انعام کا اعلان
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر وسیم اکرم کے پالتو کتے کی گمشدگی کی اطلاع سامنے آئی ہے، جس کے بعد اس کی بازیابی کے لیے عوام سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وسیم اکرم کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ایک اسٹوری میں بتایا گیا کہ “ڈیوک” نامی بلیک جرمن شیفرڈ (لانگ کوٹ) کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 8 سے لاپتا ہو گیا ہے۔
کتے کے مالکان نے اس کی درست اطلاع یا بحفاظت واپسی میں مدد فراہم کرنے والے شخص کے لیے 2 لاکھ 50 ہزار روپے انعام کا اعلان بھی کیا ہے۔
اطلاع کے مطابق مکمل سیاہ رنگ کا یہ جرمن شیفرڈ آخری مرتبہ ڈی ایچ اے فیز 8 میں دیکھا گیا تھا۔ مالکان نے مقامی رہائشیوں، سیکیورٹی گارڈز اور دیگر افراد سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد موجود پارکس، باغات، گلیوں، گیراجوں اور دیگر ممکنہ مقامات پر کتے کی تلاش میں تعاون کریں۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ گمشدہ کتے کے بارے میں اہم معلومات سامنے آئی ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسے جلد بازیاب کر لیا جائے گا۔