ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ ۔ سیرینا ولیمز پہلے راؤنڈ میں ھی باہر
امریکی ٹینس اسٹار اور ومبلڈن کی آٹھ مرتبہ چیمپئن سیرینا ولیمز چار سال بعد گرینڈ سلم ایونٹ میں واپسی کے باوجود کامیاب آغاز نہ کر سکیں اور پہلے ہی مرحلے میں ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔
لندن کے تاریخی آل انگلینڈ کلب میں جاری ومبلڈن چیمپئن شپ میں 44 سالہ سیرینا ولیمز کا مقابلہ آسٹریلیا کی مایا جوائنٹ سے ہوا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا جو تین سیٹوں پر مشتمل تھا۔
مایا جوائنٹ نے پہلا سیٹ 6-3 سے اپنے نام کیا، تاہم سیرینا نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے دوسرا سیٹ ٹائی بریک پر 7-6 سے جیت لیا۔ فیصلہ کن تیسرے سیٹ میں آسٹریلوی کھلاڑی نے بہتر کھیل پیش کیا اور سیرینا کو شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
ویمنز ایونٹ میں ایک اور بڑا اپ سیٹ اُس وقت دیکھنے میں آیا جب آٹھویں سیڈ یوکرین کی ایلینا سویتولینا کو سنی گور کے ہاتھوں اسٹریٹ سیٹس میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب قازقستان کی ریباکینا نے اپنے ابتدائی میچ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنا لی، جبکہ پولینڈ کی ایگا شفیونٹیک نے بھی تین سیٹوں کے مقابلے کے بعد فتح حاصل کر کے اپنی مہم جاری رکھی۔
مینز سنگلز مقابلوں میں جرمنی کے دوسرے سیڈڈ کھلاڑی الیگزینڈر زیوریف نے سخت مقابلے کے بعد کامیابی سمیٹی، جبکہ سوئٹزرلینڈ کے تجربہ کار اسٹین واورینکا پہلے راؤنڈ ہی میں اٹلی کے میٹیو بیریٹینی کے ہاتھوں شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہو گئے۔