ویمنز ایشیاکپ فائنل میں بھارتی ٹیم کا ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ
ویمنز ایشیاکپ کے فائنل کے بعد بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی جانب سے ٹرافی وصول نہ کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی فائنل میں مہمانِ خصوصی تھے۔
ذرائع کے مطابق فائنل کے بعد فاتح ٹیم کو ٹرافی دینے کا پروٹوکول پہلے سے طے تھا اور ٹرافی بھی تقریب میں موجود تھی، تاہم بھارتی ٹیم نے اسے وصول نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرافی اب ایشین کرکٹ کونسل کے دفتر منتقل کی جائے گی۔ ان کے مطابق اس معاملے پر محسن نقوی کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور وہ اپنے سابقہ مؤقف پر قائم ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بھارتی ٹیم کی جانب سے ٹرافی وصول نہ کرنے کا معاملہ پہلی مرتبہ سامنے نہیں آیا، گزشتہ سال بھارتی مردوں کی ٹیم نے بھی محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی۔
دوسری جانب بھارت نے ویمنز ایشیاکپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو 184 رنز کا ہدف دیا، تاہم سری لنکن ٹیم ہدف کے تعاقب میں 111 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے کپتان چماری اٹا پٹو نے 36 جبکہ نیلکشیکا سیوا رتن نے 22 رنز بنائے۔ اس کامیابی کے ساتھ بھارتی خواتین ٹیم نے ریکارڈ آٹھویں مرتبہ ویمنز ایشیاکپ کا ٹائٹل جیت لیا۔