یومِ شہداء پنجاب پولیس ساہیوال میں شہداء پولیس کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے پروقار تقریب کا انعقاد
ساہیوال (پاک لینز).یومِ شہداء پنجاب پولیس کے موقع پر ساہیوال میں شہداء پولیس کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے سنہری مارکی، ساہیوال میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔-
تقریبات کا آغاز ڈسٹرکٹ پولیس لائنز ساہیوال میں قرآن خوانی سے ہوا، جس کے بعد یادگارِ شہداء پر سلامی دی گئی۔ اس موقع پر ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو، آر پی او ساہیوال محمد ایازسلیم اور ڈپٹی کمشنر ساہیوال سمیع اللہ فاروق نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
بعد ازاں سنہری مارکی ساہیوال میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس میں شہداء پولیس کے اہلِ خانہ کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ تقریب کے دوران شہداء کے ورثاء میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں، جبکہ دو شہداء کے اہلِ خانہ کو ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو اور آر پی او ساہیوال محمد ایاز سلیم نے تین، تین مرلہ رہائشی پلاٹس کی الاٹمنٹ فائلیں بھی تقسیم کیں۔
تقریب میں صحافی برادری، وکلاء، پارلیمنٹیرینز، مختلف سرکاری اداروں کے افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان، بین المذاہب ہم آہنگی سے تعلق رکھنے والے معزز افراد اور دیگر معزز مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر ساہیوال سمیع اللہ فاروق بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ پنجاب پولیس کے شہداء قوم کا فخر ہیں۔ ان کی بے مثال قربانیوں کی بدولت آج معاشرے میں امن و امان قائم ہے۔ شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کی عزت، تکریم اور فلاح پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور پوری قوم اپنے ان عظیم سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے۔